NationalPosted at: Apr 18 2024 11:17PM بی جے پی کی تاناشاہی کے خلاف ہم مضبوطی سے لڑتے رہیں گے :عام آدمی پارٹی
نئی دہلی، 18 اپریل (یو این آئی) عام آدمی پارٹی نے پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کی گرفتاری پر کہا کہ ہم بی جے پی کی تاناشاہی کے خلاف مضبوطی سے لڑتے رہیں گے عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر آتشی نے 'ایکس' پر کہا، 'بی جے پی والوں تم چاہے عام آدمی پارٹی کے ہر لیڈر، ہر کارکنوں کو جیل میں ڈال دو، دہلی کے لوگ پھر بھی عام آدمی پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے۔ تم چاہے کتنا بھی ڈرا لو، ہم جھکنے والے نہیں ہیں، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم تمہاری تاناشاہی کے خلاف مضبوطی سے لڑتے رہیں گے۔
قبل ازیں، عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے کہا، 'مودی حکومت آپریشن لوٹس میں پوری طرح مصروف ہے۔ وزراء اور ایم ایل اے پر فرضی کیس بنا کر گرفتار کیا جا رہا ہے۔
ای ڈی امانت اللہ خان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ بنا کر گرفتار کرنے کی تیاری کر رہی ہے، میں جلد ہی ان کے خاندان سے ملنے جا رہا ہوں۔
واضح رہے کہ ای ڈی نے آج اوکھلا کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو وقف بورڈ کی تقرری میں بے ضابطگیوں کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے آج رات گرفتار کرلیا۔ اس سے قبل امانت اللہ سے 9 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔
امانت اللہ خان پر دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین کے طور پر 32 لوگوں کو غیر قانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دہلی وقف بورڈ کی کئی جائیدادوں کو غیر قانونی طور پر کرائے پر دے دیا۔
عام آدمی پارٹی ایم ایل اے پر دہلی وقف بورڈ کے فنڈز کا غلط استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔ دہلی وقف بورڈ کے اس وقت کے سی ای او نے اس طرح کی غیر قانونی بھرتیوں کو لے کر بیان دیا تھا۔
تفتیش کے دوران امانت اللہ کے قریبی ساتھیوں کے ٹھکانوں سے نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔ چھاپے کے دوران امانت اللہ کے قریبی رشتہ داروں کے گھر سے ایک ڈائری بھی ملی جس میں امانت اللہ کی ملک اور بیرون ملک کروڑوں روپے کی لین دین کا ذکر تھا۔
یواین آئی۔ م س