NationalPosted at: Mar 29 2024 8:10PM دہلی حکومت کے آیوش محکمہ میں ادویات کے فقدان کی بڑی وجہ سامنے آئی : طبی کانگریس
نئی دہلی29 مارچ (یو این آئی) دہلی حکومت کا عالمی معیار کا بنیادی صحت ماڈل اس قت مکمل طور پر ناکام نظر آیا جب افسران حکومت کے مختص کردہ بجٹ کو خرچ کرنے میں پوری طرح ناکام رہے ایک آر ٹی آئی کے حوالے سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ دہلی حکومت کے آیوش محکمہ میں ادویات کی خریداری کے لیے 7 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا کیا گیا تھا لیکن افسران کی لاپرواہی اور بے حسی کی وجہ سے یہ بجٹ خرچ نہیں ہوسکا۔
دہلی حکومت نے محکمہ آیوش کے لیے دوائیوں کی خریداری کے لیے 7 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھامگر افسوس محض 2 کروڑ 47 لاکھ روپے ہی خرچ ہوئے ہیں،جس سے محسوس ہوتا ہے کہ محکمہ آیوش میں تعینات افسران کی لاپرواہی سے عوام کو جو فیض پہنچنا تھا وہ نہیں پہنچ پایا ہے اور افسران کی بے حسی کھل کر سامنے آئی ہے۔ اس بابت آل انڈیا یونانی طبی کانگریس نے اس پورے معاملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت کی جانب سے عوامی مفاد کے لیے ادویات کی خریداری کے لیے مختص رقم کا استعمال نہ کرنا تشویشناک ہے۔
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس دہلی کے ریاستی صدر ڈاکٹر شکیل احمد نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حساس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے کیونکہ اگر حکومت کی جانب سے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات پر عمل نہیں کیا جاتا ہے تو وہیں عوام کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ تاہم حکومت کی امیج بھی خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے رقم خرچ نہ کرنے کے معاملے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے کیونکہ یہ تشویشناک بات ہے کہ ادویات جیسی بنیادی ضروریات پر خرچ بجٹ سے کم ہے۔ اس لیے اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
یو این آئی-ف ا-م ا